میں نہ سمجھا تھا محبت اس قدر بدنام ہے

قمر جلالوی ۔ غزل نمبر 131
سن کے نامِ عشق برہم وہ بتِ خود کام ہے
میں نہ سمجھا تھا محبت اس قدر بدنام ہے
نامہ بر ان سے کہنا نزع کا ہنگام ہے
ابتدائے خط نہیں یہ آخری پیغام ہے
چارہ گر میرے سکوں پر یہ نہ کہہ آرام ہے
اضطرابِ دل نہ ہونا موت کا پیغام ہے
ان کے جاتے ہی مری آنکھوں میں دنیا ہے سیاہ
اب نہیں معلوم ہوتا صبح ہے یا شام ہے
قافلے سے چھوٹنے والے ابھی منزل کہاں
دور تک سنسان جنگل ہے پھر آگے شام ہے
آپ کیوں پردے سے نکلے آپ پردے میں رہیں
آپ کو مشہور کر دینا ہمارا کام ہے
دیدۂ بیمار میں ہے اشکِ آخر کی جھلک
اے قمر تارا نکل آنا دلیلِ شام ہے
قمر جلالوی

تبصرہ کریں